ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : نامعلوم شخص کا ڈھانچہ کارگیدے ہورولی کے سنسان جنگل سے برآمد؛ قتل یا حادثہ ؟

بھٹکل : نامعلوم شخص کا ڈھانچہ کارگیدے ہورولی کے سنسان جنگل سے برآمد؛ قتل یا حادثہ ؟

Tue, 26 Jul 2022 19:15:58    S.O. News Service

بھٹکل 26 جولائی (ایس او نیوز)  تعلقہ کے جالی پٹن پنچایت حدود کے کارگیدے کے آخری سرے ہورولی  جنگل سے  ایک نامعلوم  ڈھانچہ  برآمد ہوا  ہے ، جس کو دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ  قریب ایک ماہ قبل اس کی موت واقع ہوئی ہوگی۔   یہ قتل ہے یا حادثاتی موت ہے یا پھر دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہوئی ہے، اس تعلق سے کچھ  کہنا ممکن نہیں ہے۔     ڈھانچہ  ایسی جگہ  سے برآمد ہوا ہے جہاں انسانوں کا آنا جانا نہیں ہوتا، البتہ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ رات کا اندھیرا پھیلتے ہی یہاں  سُورّوں کا غول   نظر آتا ہے۔    

مچھلیوں کا شکار کرنے والے ایک شخص کا آج  منگل شام کو  اس جگہ سے گذر ہوا تو اُس نے  ہڈیوں کا ڈھانچہ دیکھ کر  مقامی کونسلر کو خبر دی اور کونسلر  مصباح الحق شیخ نے فوری پولس کو واقعے کی  جانکاری دی۔

اطلاع ملتے ہی مضافاتی پولس انسپکٹر مہابلیشور نائک ،   پی ایس آئی بھرت  اور دیگر اہلکار جائے وقوع پر پہنچے ۔  ڈھانچہ  پر ٹی شرٹ پایا گیا  ، البتہ سلائی کی ہوئی لنگی  قریب میں پائی گئی ۔ نعش کا سر دھڑ سے الگ ہوکر تھوڑے فاصلے پر پڑا تھا، دونوں ہاتھوں اور پاوں کی ہڈیاں الگ الگ ہوکر بکھری پڑی تھی۔  پولس کو شک ہے کہ جنگلی خنزیروں  نے  نعش کے ساتھ یہ حال کیا ہوگا۔ قریب میں ہی  تاش کے پتے اور ایک شراب کی بوتل بھی پائی گئی جس سے موت کو لے کر شبہ پایا جارہا ہے۔

ہورولی نامی اس مقام پر  انڈر گراونڈ ڈرینیج  کا ویٹ ویل کا کام  جاری ہے،  ڈھانچہ اس کے پیچھے پایا گیا۔ مقامی لوگوں کو شک تھا کہ ڈرینیج کا کام کرنے والے کسی مزدور کی نعش ہوسکتی ہے، مگر  یو جی  ڈی کے انجینر اور اُس سے منسلک کنٹریکٹر نے جائے وقوع پر پہنچ کر پولس کو   بتایا کہ اُن کا  کوئی بھی مزدور لاپتہ نہیں ہوا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پاس پڑوس کے علاقوں کے کافی لوگ بھی  جائے وقوع پر پہنچے، اِن  لوگوں  کا بھی یہی کہنا ہے  اُن کے علاقہ کا  کوئی بھی شخص لاپتہ نہیں ہوا ہے۔

سماجی کارکن اور ساحل آن لائن کے نمائندے منجونائک  نے      ڈھانچے  کو   کفن کے کپڑے میں  لپیٹ کر  کارگیدے ، ہندو کالونی میں واقع شمسان  والی جگہ پر  دفنانے میں  پولس کی مدد کی۔ اس سے قبل پولس نے  فورنسیک جانچ کے لئے  ڈھانچے کا ایک سیمپل   اپنی تحویل میں لیا تھا۔

بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ میں اس تعلق سے معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس  چھان بین کررہی ہے۔

 


Share: